آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی، جنوبی افریقہ کیخلاف اعلیٰ کارکردگی کے باوجود پاکستانیوں کیلئے افسوسناک خبر


دبئی  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے بلے بازوں کی فہرست میں صرف بابراعظم ٹاپ ٹین میں جگہ بنا پائے ہیں جبکہ باﺅلرز اور آل راﺅنڈرز کی فہرست میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی 10 بہترین کرکٹرز میں شامل نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں کین ولیم سن پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ سٹیو سمتھ دوسرے، جو روٹ دو درجہ ترقی کے بعد تیسرے، مارنوس لابوشین چوتھے، ویرات کوہلی تنزلی کے بعد پانچویں، بابراعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے، چتیشور پجارا ساتویں، ہینری نکولس آٹھویں، بین سٹوکس نوویں اور ڈیوڈ وارنر دسویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کیخلاف عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد رضوان 19 درجہ ترقی کے بعد 16 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ فہیم اشرف 19 درجہ ترقی کے بعد 47 ویں اور فواد عالم چار درجہ ترقی کے بعد78 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

باﺅلرز کی فہرست میں پیٹ کومنز پہلے، سٹورٹ براڈ دوسرے، بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھانے والے جیمز اینڈرسن تین درجہ ترقی کے بعد تیسرے، نیل ویگنر چوتھے، جوش ہیزل ووڈ پانچویں، ٹم ساﺅتھی چھٹے، روی چندرن ایشوین ساتویں، جسپریت بمرا آٹھویں، کاگیسو ربادا نوویں اور جیسن ہولڈر دسویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کر کے جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے حسن علی 21 درجہ ترقی کے بعد 32 ویں اور شاہین شاہ آفریدی 30 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

آل راﺅنڈرز کی فہرست میں انگلینڈ کے بین سٹوکس نے پہلے نمبر پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ جیسن ہولڈر دوسرے، رویندرا جدیجہ تیسرے، شکیب الحسن چوتھے، کائل جیمی سن پانچویں، روی چندرن ایشوین چھٹے، مچل سٹارک ساتویں، کولن ڈی گرینڈہوم آٹھویں، کرس ووکس نوویں اور پیٹ کومنز دسویں نمبر پر ہیں۔