اسلام آباد ہائیکورٹ، سیاسی جلسوں پر پابندی کیلئے دائر درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی جلسوں پرپابندی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے تو حکم دے دیا اگرایگزیکٹو اس پرعمل نہیں کرا پارہی تو یہ ایگزیکٹو پرہے، یہاں پارلیمنٹ ہے ایگزیکٹو ہے اگر سوسائٹی بھی اپنی ذمہ داری نہیں پوری کررہی تو عدالت کیوں مداخلت کرے؟

معزز چیف جسٹس نے یہ بھی ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم پر کوئی عمل نہیں کرا رہا اورسیاست میں مشغول ہے تو ہم کیوں مداخلت کریں، پٹشنر کو پارلیمنٹ پر اعتماد کرنا چاہیے اور وہیں اس کا حل نکل سکتا ہے، اس قسم کے معاملات عدالت میں نہیں آنے چاہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا ملک قانون کی عمل داری کے تحت چل رہا ہے؟ ہماری عام پبلک بھی ایس او پیزپرعمل نہیں کررہی سب سے زیادہ غریب اس سے متاثرہو گا۔ پارلیمنٹ خاموش ہے عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہی تو عدالت کیونکر مداخلت کرے۔ سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔