اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری, پی آئی اے کے کرایوں میں نمایاں کمی


بہار کی آمد کے ساتھ قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری سنادی, پی آئی اے نے اندرونِ ملک کے لیے خصوصی کرائے متعارف کروادیئے جس کے تحت کرایوں میں کمی کردی گئی ہے۔

کراچی تا اسلام آباد اور کراچی تا لاہور کرایوں پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے,اب 20 کلو سامان لے جانے کی رعایت کے ساتھ یک طرفہ کرایہ 7 ہزار 5 سو روپے ہو گا جبکہ 40 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ رعایتی کرایہ 8 ہزار 5 سو روپے ہو گا۔

قومی ایئر لائن کی جانب سے اندرونِ ملک نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا, ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موسمِ بہار میں لوگ سفر کرنا اور سیاحت کرنا پسند کرتے ہیں اسی لئے کرائے مناسب کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اندرونِ ملک سیاحت اور جشنِ بہار کیلئے پی آئی اے نے یہ خصوصی کرائے متعارف کروائے ہیں۔

کرایوں میں کمی سے جہاز کے ذریعے اندورن ملک سفر کرنے والوں کیلئے اس سہولت سے مستفید ہونے کا بہترین موقع ہے,اس طرح عوام جہاں چاہیں کم کرائے کے ساتھ انجوائے کرسکتے ہیں۔