انضمام الحق ناراض ہو کر امریکہ منتقل ہونے والے سمیع اسلم کے حق میں بول پڑے


لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق بورڈ کی سلیکشن پالیسی سے ناراض ہو کر امریکہ منتقل ہونے والے سمیع اسلم کے حق میں بول پڑے جن کا کہنا ہے کہ ہمارا سسٹم ایسا ہونا چاہیے جو کھلاڑی کو سپورٹ کرے۔

تفصیلات لاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ سمیع اسلم اچھے کھلاڑی ہیں ان کو مایوس ہوکر نہیں جانا چاہئے، ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنا احسن اقدام ہے تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کیساتھ کارکردگی دکھانے والے سینئر کرکٹرز کو بھی مواقع ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں وکٹ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلئے سخت محنت کرنا پڑے گی، دورہ نیوزی لینڈ پاکستان کیلئے اتنا آسان نہیں اور جیت کے امکانات بھی کم ہیں۔ نیوزی لینڈ میں تجربہ کام آتا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو کھلائیں گے تو جیتنا مشکل ہوگا، کھلاڑیوں کیلئے قرنطینہ میں رہنا کافی مشکل تھا۔

سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ کمرشل فلائٹ میں سفر کرنا بھی کھلاڑیوں کے کورونا مثبت کی وجہ ہوسکتی ہے، کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہیے تھی، کرکٹ مختلف ہونے سے کھلاڑیوں کا فوکس ٹی 20 پر ہے، ٹیسٹ کی نسبت کھلاڑی ٹی 20 اور ون ڈے کھیلنا پسند کرتے ہیں۔