انٹرنیٹ پر محبت نے خاتون کو51 لاکھ روپے سے محروم کردیا، اتنا بڑا دھوکا کہ کوئی لڑکی کسی مرد پر اعتبار ہی نہ کرے

انٹرنیٹ پر محبت کا جھانسہ دے کر مردوخواتین کو لوٹ لیے جانے کی خبریں گاہے آتی رہتی ہیں۔

اب برطانیہ کی ایک خاتون ایسے ہی دھوکے باز کے ہتھے چڑھ کر اتنا بڑا نقصان کروا بیٹھی ہے کہ جان کر آئندہ کوئی خاتون انٹرنیٹ پر ملنے والے کسی مرد کا اعتبار ہی نہ کرے گی۔ جیسیکاکی اس دھوکے باز شخص سے ملاقات ایپلی کیشن ’ورڈز وِد فرینڈز‘ (Words with Friends)پر ہوئی۔ جس نے اس کا اعتماد جیتنے کے بعد اس سے رقم کا تقاضا شروع کر دیا اور اس سے 33ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 51لاکھ روپے) لوٹ کر رابطہ ختم کر دیا۔جیسیکا نے سٹینفرڈ شائر پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا ہے کہ ”اس شخص نے مجھے بتایا تھا کہ وہ کروڑ پتی اور طلاق یافتہ ہے اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سین جوز کا رہنے والا ہے۔ اس نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کے دو بچے تھے جو تین سال قبل ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے اور اب وہ بالکل اکیلا ہے۔ وہ مجھے اپنے لگژری لائف سٹائل کی تصاویراور ویڈیوز بھیجتا رہتا تھا جس سے مجھے یقین آ گیا کہ وہ واقع کروڑ پتی شخص ہے۔ کچھ ہفتے بعد ہم نے گوگل ہینگ آﺅٹس پر بات چیت شروع کر دی اور وقت کے ساتھ ساتھ ہمارا رشتہ گہرا ہوتا چلا گیا۔ مجھے اس پر اس قدر اعتبار آ گیا کہ میں نے اس کے ساتھ پہلی ملاقات کے لیے بحری جہاز کے دو ٹکٹ خرید لیے۔ تاہم ملاقات سے پہلے ہی اس شخص نے بتایا کہ اس کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں اور اسے رقم کی ضرورت ہے۔ اس نے تین بار مجھ سے رقم مانگی جو مجموعی طور پر 33ہزار پاﺅنڈ بنتی ہے۔ یہ رقم میں نے اسے بھیج دی۔ اتنی زیادہ رقم نکلوانے پر میرے بینک نے میرا اکاﺅنٹ منجمد کر دیا۔ انہیں احساس ہو گیا تھا کہ میں کسی فراڈ کا شکار ہو چکی ہوں۔ جب میں نے اسے یہ بات بتائی تو اس کے بعد میرا کبھی اس سے رابطہ نہیں ہو پایا۔