اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری،ٹیکس کمی پرغور

اوورسیز پاکستانیوں سے مستفید ہونے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت نے ایک اور اہم اقدام اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ،وفاقی حکومت ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے نیا پاکستان سرٹیفکیٹ اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والے مقامی اور بیرون ملک رہائش پذیر شہریوں کو ٹیکس میں رعایت دینے پر غور کررہی ہے۔

رواں ماہ کے دوران صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس چھوٹ دی جاسکتی ہے،تعمیراتی شعبے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں چھ ماہ کی توسیع کے بعد یہ دوسرا صدارتی آرڈیننس ہوگا۔

اسٹیٹ بینک کے ذرائع نے ایکسپریس ٹربیون کوتفصیلات بتائیں کہ اس تجویز کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بیرون ملک اثاثے رکھنے والے مقامی شہریوں سے سرمایہ کاری کی صورت میں ڈالر کا حصول ہے تاکہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دیا جاسکے۔

حکومت نے بینک کے انتظامی کنٹرول کے تحت اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کمپنی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نیاپاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کے ذریعے نفع پر انکم ٹیکس کی شرح کم ہوسکتی ہے، اس وقت منافع پر انکم ٹیکس کی شرح 10 فیصد ہے۔ دوسری جانب تارکین وطن کی آمدن کو ٹیکس سے مکمل طور پر استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے اجرا کے بعد سے اب تک250 ملین ڈالر سے زائد کی مالیت سے 65ہزار اکاؤنٹ کھولے جاچکے ہیں، حکومت نے ان سرٹیفکیٹس میں امریکی ڈالر میں تین ماہ کے لیے سرمایہ کاری پر 5.5 فیصد سے لے کر پانچ سال تک کے لیے سرمایہ کاری پر 7 فیصد تک انٹرسٹ ریٹ کا اعلان کیا۔