اٹلی کو 1982ءکا فٹ بال ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے پاؤلو روسی انتقال کر گئے

روم اٹلی کو 1982ءکا فٹ بال ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑی پاؤلو روسی 64 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاؤلو روسی سپین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بہترین کھلاڑی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے اور انہوں نے اپنی ٹیم کو جتوا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے کے علاوہ بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اٹلی کے میڈیا کے مطابق طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا پاؤلو روسی کی موت کا اعلان جمعرات کے روز کیا گیا۔ پاؤلو روسی کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر اٹلی کے فٹ بال ہیرو کی اپنے ساتھ یادگار تصویر پوسٹ کی اور لکھا ‘ہمیشہ’ لیکن انہوں نے اپنے شوہر کی موت کی وجہ نہیں بتائی۔

پاؤلو روسی نے اٹلی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 48 میچوں میں 20 گول سکور کئے جبکہ ویسینزا، پیروگیا، جووینٹس، میلان اور ویرونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 100 گول سکور کئے۔ 1982ءکے فٹ بال ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی پر پاؤلو روسی کو بیلن ڈی اور کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔