اگر ملک میں صحیح احتساب ہوتا تو عمران خان اور بزدار جیل میں ہوتے،مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان پر سوالات کے تیر برسا دئیے

مریم اورنگزیب نے کہا بقول عمران صاحب 52 روپے فی کلو چینی دینے والا منتخب وزیراعظم اگر چور تھا تو 120 روپے کلو چینی بیچنے والا سلیکٹڈ وزیراعظم کتنا بڑا چور ہے ؟ بقول عمران صاحب 32 روپے فی کلوآٹا دینے والا منتخب وزیراعظم اگر چور تھا تو 90 روپے کلوفروخت کرنے والا سلیکٹڈ وزیراعظم کتنا بڑاڈاکو ہے ؟ بقول عمران صاحب8 روپے فی یونٹ بجلی دینے والا منتخب وزیراعظم اگر چور تھا تو 24 روپےفی یونٹ فروخت کرنے والا سلیکٹڈ وزیراعظم کتنا بڑالٹیرا ہے ؟

اگر چینی پر سبسڈی نہ دینے والا شہبازشریف بقول عمران صاحب چور تھا تو 300 ارب کی سبسڈی دینے والا کٹھ پتلی کتنا بڑا چور اور ڈاکو ہے ؟ اگر گنے کی قیمت 180 روپے برقرار رکھنے والا شہبازشریف بقول عمران صاحب چور تھا، تو ایتھینول پر ٹیکس ختم کرنے والا کتنی بڑی چوری کررہا ہے اور ایمانداری کی ایکٹنگ بھی کررہا ہے؟

مریم اورنگزیب نے مزید کہا بقول عمران صاحب اگر 27 ارب میں لاہور میٹرو بنانے والا چور تھا ، تو 126ارب میں پشاورمیٹرو بنانے والے نے کتنی بڑی ڈکیتی کی ہے؟ قوم کو بتایا جائے کہ چینی پر 300 ارب کی سبسڈی، 48 روپے فی کلو برآمد کرنے اور 96 روپے فی کلو امپورٹ کرنے والوں نے کتنی چوری کی ہے؟

انہوں نے کہا 122 ارب کی ایل این جی کا ڈاکہ ڈالنے کے بعد ندیم بابر کو عہدے سے ہٹانا نہیں، عمران صاحب کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہئے تھا۔ 500 ارب کی دوائی چوری پر عامر کیانی کو عمران صاحب کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہئے تھا۔400 ارب کی چینی چوری پر جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو عمران صاحب کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہئے تھا۔

انہوں نے مزید کہا بقول عمران صاحب 800 روپے کی گیس چوری ہورہی تھی تو 1400 روپے گیس پر عمران صاحب کتنی چوری کر رہے ہیں؟122 ارب کی ایل این جی کا ڈاکہ ڈالنے کے بعد ندیم بابر کو عہدے سے صرف ہٹانا نہیں بلکہ عمران صاحب کے ساتھ جیل میں ڈالنا چاہئے تھا۔ بقول عمران صاحب 84 روپے درجن انڈے والا چوری کررہا تھا تو 180 روپے درجن والا کتنی چوری کررہا ہے؟

مریم اورنگزیب نے کہا خوردنی تیل 142 روپے لیٹر والا چوری کررہا تھا تو 290 روپے فی لیٹر والا سلیکٹڈ وزیراعظم کتنی چوری کررہا ہے ؟ اگر عمران صاحب کو 5.8 فیصد پر ترقی کرتے ملک کا وزیراعظم چوردکھائی دیتا تھا تو شرح ترقی منفی صفرکرنے والا سلیکٹڈ وزیراعظم کتنا ڈاکہ ڈال رہا ہے؟

جس نے ملک میں مہنگائی 3 فیصد پرلائی، بقول عمران صاحب وہ چور تھا تو مہنگائی کی قیامت 16 فیصد پر لانے والاسلیکٹڈ کتنی چوری کررہا ہے؟ منتخب وزیراعظم کے دور میں گردشی قرض 1036 ارب تھا، بقول عمران صاحب وہ چور تھا توگردشی قرض 2700 ارب پر پہنچانے والا سلیکٹڈ کتنی چوری کررہا ہے؟

نوازشریف، شہبازشریف کو قید کرکے ، دو سال سے حمزہ شہباز کو جیل میں رکھ کر کہتے ہیں کہ وہ چینی کی قیمت کنٹرول کررہا ہے؟ تین بار شہبازشریف جیل گئے، حمزہ شہبازشریف قید رہے لیکن ان سے ایک روپے کا چینی کے بارے میں ایک سوال نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا عمران صاحب کا ٹاوٹ، چینی چوروں کا محافظ، کمشن خور سیاسی یتیم سینٹ ٹکٹ نہ ملنے پرخاموش کرائے کے ترجمان کی جرات ہے کہ وہ عمران مافیا پر الزام لگائے؟ عوام سب جانتی ہے ، ووٹ چوروں اور عوام کی جیب کاٹنے والے لٹیروں کو عہدوں سے ہٹانا نہیں چاہئے، یہ سب جیل جائیں گے۔ ان کا سرغنہ جن کی سرپرستی میں یہ سب کام ہوتے ہیں وہ عمران صاحب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا اے ٹی ایم ، کارٹیل، آٹا چینی بجلی گیس پٹرول دوائی ، تیل، انڈے عمران صاحب کو دیں گے تو عمران صاحب ان کے خلاف کارروائی کیوں کریں گے؟ اے ٹی ایم ، کارٹیل عمران صاحب کا کچن چلائیں گے، تو عمران صاحب ان کے خلاف کارروائی کیوں کریں گے؟ اے ٹی ایم ، کارٹیل عمران صاحب کے گھر بنائیں گے، گاڑیاں اور چندے تحفے میں دیں گے تو عمران صاحب ان کے خلاف کارروائی کیوں کریں گے؟ انہوں نے کہا بہروپئے ملک پر مسلط ہیں، عمران صاحب نے اپنے اے ٹی ایم، کارٹیل اور مافیاز کو عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے رکھا ہے۔