اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے


لاہور: اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کیمونیکشنز نے جون میں کھیلے جانے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول 7 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کی پاکستان میں لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

اے آر وائی کیمونیکشنز نے یہ حقوق ٹینڈر کے ایک شفاف عمل کے ذریعے حاصل کیے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی فروخت پر بہت خوش ہیں، اس معاہدے کے تحت لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی مد میں ہونے والا اضافہ بحیثیت ایک برانڈ، پاکستان کرکٹ کی مارکیٹ ویلیو کی عکاسی کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ ٹینڈر کے تحت لائیو اسٹریمنگ رائٹس جیتنے پر اے آر وائی کیمونیکشنز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، اس تازہ ترین معاہدے سے دونوں فریقوں کی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔

بانی اور چیف ایگزیکٹو اے آر وائی ڈیجیٹل سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے وائٹ بال میچز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا آفیشل لائیو اسٹریمنگ پارٹنر بننے پر فخر محسوس کرتا ہے، خوشی ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز نے ایک بار پھر پی سی بی کے ٹینڈر میں سب سے بڑی بولی لگائی ہے۔

سلمان اقبال نے کہا کہ براڈ کاسٹ انڈسٹری کے علم بردار کی حیثیت سے انھوں نے فینز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کو ترجیح دی، ناظرین کو اب اپنے موبائل فون سے خبروں، حالات حاضرہ، تفریح، اور کھیلوں سمیت وسیع مواد کی بہ آسانی رسائی ممکن ہے۔

انھوں نے کہا وہ پر امید ہیں کہ رواں سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم سنسنی خیز کرکٹ کھیلے گی۔