”بابراعظم ایسا کھلاڑی ہے جس کیلئے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں“ سرفراز احمد نے دل کھول کر کپتان کی تعریف کر ڈالی


لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بابراعظم کو دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے ایسا کپتان ہونا خوش نصیبی ہے جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے دئیے گئے ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم ایسا کھلاڑی ہے جس کیلئے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں، اس مقام تک پہنچنے میں بابر اعظم کی سخت محنت کا نمایاں دخل ہے، بابر اعظم پاکستان ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں جب بھی ضرورت ہوتی ہے وہ ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی خوش نصیبی ہے کہ اس کے پاس ایک بہترین کپتان موجود ہے جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ میں نے بابر کو بابر اعظم بنتے دیکھا ہے، میں جدوجہد کے دور سے ان کے ساتھ رہا، بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کو اچھی طرح لے کر چل رہے ہیں۔