بابراعظم کی زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں غیر اطمینان بخش کارکردگی پر شعیب اختر بول پڑے


کراچی زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچز میں اب تک بابراعظم کی کارکردگی خاص نہیں رہی اور فارم سے باہر ہونے پر ناقدین نے تنقید کے تیر کے منہ اب کپتان کی جانب کر دیئے ہیں ، شعیب اختر کا کہناہے کہ بابراعظم کو قرنطینہ کے اندر ایک اور قرنطینہ کا سامنا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بابراعظم زمبابوے کے خلاف دوسرے میچ کی پہلی اننگ میں صرف دو سکور بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم اظہر علی اور عابد علی کی شاندار بلے بازی کی بدولت ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے لیکن شعیب اختر کے نزدیک بابراعظم کی ناکامی کا سبب ٹاپ آرڈر کا فارم میں ہونا ہے جس کی وجہ سے کپتان کو اپنی باری کیلئے انتظار کرنا پڑتا ہے۔

شعیب اختر نے انٹرویود یتے ہوئے کہاکہ تشویش کی وجہ ایک بار پھر بابر اعظم ہیں، زمبابوے جیسی ٹیم کے خلاف وہ رنز نہیں کرسکے، اوپنرز اور اظہر علی چونکہ لمبی اننگز کھیل رہے ہیں اس لیے بابر کو اپنی باری کیلیے انتظار کرنا پڑ رہا ہے، اس دوران وہ پیڈز باندھ کر تیار رہتے ہیں، یہ ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین اور خراب ترین حصہ ہے، آپ کو اپنی سیٹ پر تیار اور پوری توجہ کے ساتھ میچ دیکھنا پڑتا ہے، اس دوران زیادہ بات بھی نہیں کرسکتے، درحقیقت آپ قرنطینہ کے اندر قرنطینہ میں ہوتے ہیں، بابر کو اس سیریز کے دوران کم سے کم 300 سے 400 رنز بنانا چاہیے تھے۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے جب آپ رنز نہیں کرپاتے، مجھے یقین ہے کہ بابر نے اپنی پوری کوشش کی ہوگی، ہمیں ان سے بہت کچھ کرنے کی توقع ہے اس لیے مثبت رہنے کی ضرورت ہوگی۔