باتیں کم کریں، کرونا ویکسین کا بندوبست کریں، پرویز الٰہی


اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کو مشورہ

مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے حکومت کو کورونا سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کا مشورہ دے دیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کورونا ویکسین کے لحاظ سے سب سے پیچھے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تیسری لہر کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں کورونا مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اگر بروقت انتظامات نہ ہوئے تو لاتعداد قیمتی جانوں کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کورونا سے متعلق اقدامات میں حکومت کو چاہیے کہ باتیں کم کریں اور ویکسین کا بندوبست زیادہ کریں۔

دوسری جانب اپنے ٹوئٹر پیغام میں پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ حکومتی ذرائع نے نئے کورونا سٹرین میں شدت کی تصدیق کر دی ہے۔ اس نئ میوٹیشن سے انفیکشن کی شرح 19-Covid# سے بہت زیادہ بتائی گئ ہے۔

مونسی الٰہی نے مزید کہا کہ اس لئے اب احتیاط بھی پہلے سے بہت زیادہ ضروری ہے۔ محتاط رہئے، محفوظ رہئے۔ اللہ سب کا نگہبان!