بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 145ویں اور بانی پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی 71ویں سالگرہ دبئی میں منائی گئی


دبئی  بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 145 ویں اور بانی پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی 71ویں سالگرہ 25 دسمبر 2020ءکو دبئی میں منائی گئی جس کا اہتمام مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے نائب صدر چودھری فیصل الطاف نے کیا تھا۔

دوہری سالگرہ کی اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن گلف و مڈل ایسٹ کے صدر چودھری احسان الحق باجوہ، چودھری ظفر اقبال، راجہ ابوبکر آفندی، عبدالغفار، شہباز غفار، شہزاد بٹ، عامر سہیل گھمن، سجاد احمد، میاں غلام محی الدین، عارف عامر منہاس، راجہ خالد محمود، راجہ ابوبکر اور دیگر متعدد لیگی عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر سب نے مل کر بڑے سائز کا سالگرہ کیک کاٹا۔ کیک پر قائداعظم محمد علی جناح اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی تصاویر پرنٹ کی گئی تھیں۔ تمام لیگی شرکائے تقریب نے دونوں لیڈران کی سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور محمد نواز شریف کو سالگرہ کے تہنیتی پیغامات بھجوائے گئے۔ ا

س موقع پر چودھری احسان الحق باجوہ، چودھری ظفر اقبال، چودھری فیصل الطاف، عارف عامر منہاس اور راجہ ابوبکرآفندی نے تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ اگر قائداعظم محمد علی جناح نہ ہوتے تو پاکستان نہ بنتا۔ یہ قائداعظم ہی تھے جنہوں نے اپنی بہترین حکمت اور سیاست کے ذریعے پاکستان حاصل کیا۔ آج ہم جس خطہ ارض پر موجود ہیں اور آزادانہ زندگی گزاررہے ہیں یہ صرف اور صرف قائداعظم محمد علی جناح کے مرہون منت ہے۔

مقررین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا جبکہ اس کی حفاظت اور ترقی کا ذمہ قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے نبھایا۔ مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی پاکستان کے امن و سلامتی اور ترقی کی ضامن ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے سابق صدر چودھری محمد الطاف مرحوم کو بھی یاد کیا گیا اور پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے لئے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ تقریب کے آخر میں میزبان چودھری فیصل الطاف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کی تواضع پرتکلف ڈنر سے کی۔