’بجلی عارضی ہے، جنریٹر مستقل ہے‘ حسن علی کی عمدہ کارکردگی پر شاداب خان کا دلچسپ تبصرہ، سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان آ گیا


لاہور  پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راﺅنڈر شاداب خان بھی جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کی تاریخی فتح پر بے حد خوش ہیں جنہوں نے قومی ٹیم بالخصوص حسن علی کی کارکردگی سے متعلق انتہائی دلچسپ انداز میں تبصرہ پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاداب خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ اللہ محنت کا پھل ضرور دیتا ہے۔ حسن علی کو 10 وکٹیں حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بہت بہت مبارک ہو۔ بجلی عارضی ہے، جنریٹر مستقل ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حسن علی نے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ کی دونوں اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کر کے قومی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ وکٹ کے حصول پر وہ جشن منانے کیلئے جو انداز اپناتے ہیں اسے سوشل میڈیا کی دنیا میں ”جنریٹر چلانے“ سے تشبیہ دی جاتی ہے۔