بحال ہونے کے بعد بہت سے شہروں میں بجلی ایک بار پھر بند ہوگئی


لاہور  گزشتہ رات ہونے والے پاور بریک ڈاؤن کے آفٹر شاکس شروع ہوگئے، بہت سے شہروں میں بجلی بحالی کے بعد دوبارہ بند ہوگئی۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے متعدد علاقوں میں بجلی بحال ہونے کے بعد دوبارہ بند ہوگئی۔ اس کے علاوہ قصور، شیخو پورہ، ٹوبہ ٹیک، سنگھ، جھنگ اور گوجرہ میں بھی بجلی غائب ہے۔ سرگودھا، میانوالی، خوشاب میں بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن لائن میں پیدا ہونے والی خرابی مکمل دور نہیں ہوئی جس کو بحال کرنے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔ ایک بار پوری طرح خرابی دور ہونے کے بعد ہی ملک بھر میں بجلی بحال ہوسکے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات 11 بج کر 41 منٹ پر گدو میں ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد فریکوئنسی 50 سے صفر پر آگئی اور پورے ملک میں بجلی چلی گئی۔ گزشتہ رات سے ہی بجلی کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں لیکن ابھی تک بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی مکمل بحال نہیں ہوسکی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی صارفین اس بات کی شکایت کر رہے ہیں کہ بجلی بحال ہونے کے بعد دوبارہ غائب ہونا شروع ہوگئی ہے۔