بچوں پر ترس کھائیں، عاصم اظہر کی وزیر تعلیم شفقت محمود سے اپیل


نامور گلوکار عاصم اظہر نے ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے استدعا کی ہے کہ طلباء و طالبات پر ترس کھائیں۔

تفصیلات کے مطابق گلوکار عاصم اظہر نے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کے امتحانات کے حوالے سے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ابھی بھی وقت ہے، بچوں پر ترس کھالیں۔

انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر طلباء کمرہ امتحان سے اپنے گھر کرونا وائرس لے کر گئے تو اُس کا ذمہ دار کون ہوگا؟

عاصم اظہر کی اس ٹوئٹ کے بعد طلباء و طالبات سمیت کئی لوگوں نے ان کےموقف کی حمایت کی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ اے لیول، او لیول، اے ایس، آئی جی سی ایس ای کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات نئی تاریخوں کے تحت ہوں گے جن کا اعلان متعلقہ بورڈ کریں گے۔

شفقت محمود نے کہا تھا کہ امتحانات کا نیا شیڈول مدِنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹیز میں داخلے کیئے جائیں گے، متاثرہ اضلاع کی یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا تھا کہ 8 فیصد سے کم کیسز والے اضلاع میں یونیورسٹیاں کھول دی جائیں گی۔

پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول عید الفطر تک بند رہیں گے۔