بچوں کو سمجھائیں وہ بچگانہ سیاست نہ کریں،مولانا فضل الرحمان


ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی ۔۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا مایوسی کا اظہار

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری اور نوازشریف کو پیغام دیا کہ بچوں کو سمجھائیں وہ بچگانہ سیاست نہ کریں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ طے ہوا تھا 4 اپریل سے قبل کوئی کسی کے خلاف متنازعہ بیان نہیں دے گا، بلاول اور مریم سمیت دیگر رہنماؤں کے حالیہ بیانات پر بہت مایوسی ہوئی ہے، پی ڈی ایم اجلاس کےفیصلوں کا سب کو احترام کرنا چاہئے۔۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ استعفوں اور لانگ مارچ پر پیپلزپارٹی نے خود وقت مانگا اس لیے سب انتظار کریں۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان معاملات مل کر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم میں اختلافات سے متعلق افواہوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران گفتگو مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا تھا کہ سینیٹ میں حزب اختلاف ن لیگ کا ہوگا لہذا اب تمام جماعتوں کو اجتماعی فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔

آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان معاملات مل کر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔