بھارتی فورسز کی ایل او سی پرایک بار پھر اشتعال انگیزی، 50سالہ خاتون شہید


راولپنڈی بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں خاتون شہید جبکہ ایک بچی سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹر پر اشتعال انگیزی کی گئی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے سول آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز نے مارٹر گولوں اور بھاری ہتھیاروں کا اندھا دھند استعمال کیا۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 50 سالہ خاتون شہید جبکہ 4 سالہ نایاب سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ بھارت نے 18 دسمبر کو بھی لائن آف کنٹرول پر یو این مبصرین کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا تھا، خوش قسمتی سے دونوں مبصر محفوظ رہے تھے لیکن ان کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جس پر وزیراعظم عمران خان اور دفترخارجہ کی جانب سے بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور گھناؤنے عزائم سے عالمی برادری کو آگاہ کیا گیا تھا۔