بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بابراعظم کو بیٹنگ بہتر کرنے کیلئے کونسا مشورہ دیا تھا جس نے کام کر دکھایا ؟ قومی ٹیم کے کپتان نے بڑا انکشاف کر دیا


ہرارے بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوینٹی میں بھی شکست دیتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لی ہے اور اب دورہ زمبابوے کی تیاری شروع کر دی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی 21 اپریل کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔

نجی ٹی وی سماءنیوز کے مطابق بابراعظم نے انکشاف کیاہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انہیں بیٹنگ سے متعلق مشورہ دیا تھا جس نے ان کی بیٹنگ میں نکھار لانے میں بہت مددکی ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ون ڈے ریکنگ میں بھارتی کپتان کو پچھاڑتے ہوئے پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ پوڈ کاسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے انکشاف کیا کہ ویرات کوہلی نے انہیں نیٹ سیشن کو اہمیت دینے کا مشورہ دیا تھا جس نے میری مکمل گیم کو بہتر کرنے میں کردار اداکیاہے ۔

بابراعظم کا کہناتھا کہ ” اگر مجھے نیٹ میں اچھا سیشن نہیں ملتا ہے تو آپ جانتے ہیں کہ میں ایک خراب دن گزارنے والا ہوں، میری ویرات کوہلی سے بات چیت ہوئی جہاں انہوں نے مجھے مشور ہ دیا کہ میں نیٹ پریکٹس کو سنجیدگی سے لوں ، ویرات کوہلی نے مجھے کہا کہ تمہاری میچ میں کارکردگی اس بات پر منحصر ہے کہ تم نیٹ میں کتنا اچھا کھیلتے ہو ۔“قومی ٹیم کے کپتان کا کہناتھا کہ ویرات کوہلی نے مجھے بتایا کہ ” اگر تم نیٹ میں غلط شاٹس کھیلتے ہواور آوٹ ہو جاتے تو ممکنہ طور پر تم میچ کے دوران بھی یہی غلطی دہراﺅ گے ۔“