بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ نہ ہوا تو پھر کہاں کھیلا جائے گا؟ احسان مانی نے مداحوں کو زبردست خبر سنادی


کراچی  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ اگر بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ ممکن نہ ہوا تو پھر اس کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

پی سی بی حکام کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے بتایا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ ممکن نہ ہوا تو پھر متحدہ عرب امارات میں کرایا جائے گا۔ کمیٹی چاہتی ہے کہ 31 مارچ سے پہلے اس بارے میں فیصلہ کرلیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کھیلنے کیلئے ہمیں تحریری یقین دہانی چاہیے۔ بھارت میں کھلاڑیوں، سٹاف، مداحوں اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ آئی سی سی کے ساتھ ہماری ایک اور میٹنگ ہے جس میں یہ معاملہ اٹھایا جائے گا، انہوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس معاملے میں ہمیں اعتماد میں لیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ سٹیڈیم بنانا کرکٹ بورڈ کا نہیں حکومت کا کام ہوتا ہے، یہ کھیل سے زیادہ سیاسی گراؤنڈ ہے کیونکہ اسے مودی کے شہر میں تعمیر کیا گیا ہے، اس حوالے سے ہم بھارتی کرکٹ بورڈ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔