”بہترین کارکردگی سے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی خواہش ہے “


لاہور پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ اپنی کارکردگی سے قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بناﺅں۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں حارث رﺅف نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ فاسٹ باؤلر میں تھوڑا غصہ ہوتا ہے، جب باؤنڈری پڑے تو غصہ آجاتا ہے، نئے بال سے باؤلنگ کررہا ہوں تاکہ بہتر پرفارمنس دے سکوں، خواہش ہے کہ اپنی کارکردگی سے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بناؤں۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ پریکٹس کے دوران تین میچ کھیلنے سے بہت فائدہ ہواہے، وقار یونس نے اپنا تجربہ مجھ سے شیئر کیا، امید ہے جو پریکٹس کی وہ میچ میں نمایاں ہو گی، انٹرنیشنل کرکٹ میں رفتارکی ضرورت ہوتی ہے، رفتار سے بلے بازوں کو پریشانی ہوتی ہے اس لئے رفتار کے ساتھ اپنی لائن و لینتھ کو بھی بہتر کررہا ہوں۔

فاسٹ باﺅلر نے سینئر کھلاڑیوں کی طرح نام کمانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کیلئے جہاں بھی موقع ملا اپنی کارکردگی دکھاؤں گا، ہمارا نیوزی لینڈ میں ٹریک ریکارڈ اچھا رہا ہے، کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی دکھائیں، ہمارے باؤلرز کافی ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔