بی بی سی نے 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کردی، 2 پاکستانی خواتین بھی شامل

بی بی سی نے دنیا بھر کی 100 بااثر ترین خواتین کی فہرست جاری کی ہے جس میں مشہور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر بھی شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے ہر سال کی طرح اس سال بھی یہ فہرست جاری کی ہے، اس سال اس فہرست میں ماہرہ خان جنہیں اقوام متحدہ نے سفیر خیر سگالی برائے افغان مہاجرین مقرر کیا ہے، اور وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

بی بی سی کی اس فہرست میں دنیا بھر سے قیادت، تخلیقی صلاحیت، علم اور شناخت جیسی کیٹیگریز کی خواتین شامل ہیں، اس فہرست کو جاری کرنے کا مقصد دنیا بھر میں باہمت اور اپنے شعبوں میں خدمات سرانجام دینے سمیت سماجی ترقی کیلئے کوشاں رہنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

اس فہرست میں پڑوسی ملک کی 4 ، بنگلہ دیش ، افغانستان اور ایران کی 2 ، 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال اس فہرست میں صرف ایک پاکستانی خاتون شامل تھیں جن کا نام جلیلہ حیدر ہے جو بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ہیں۔

فہرست میں نام شامل ہونے پر ثانیہ نشتر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ” یہ سچ میں ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں ان خواتین میں شامل ہوں جنہوں نے سال 2020 میں کسی تبدیلی کی کوشش کی”۔