“جلد ہی ہم بھی تین ہونے والے ہیں” انوشکاشرما نے کوہلی کیلئے پیار بھرا پیغام جاری کردیا

ممبئی بالی ووڈ سٹار انوشکا شرما نے شادی کی تیسری سالگرہ کے موقع پر شوہر ویرات کوہلی کیلئے پیار بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمارے ایک ساتھ تین سال، اور جلد ہی ہم بھی تین ہونے والے ہیں۔‘

انوشکا نے انسٹاگرام پر ویرات کوہلی کے ہمراہ ایک دلکش تصویر شیئر کی جس میں وہ دونوں خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی لکھا کہ وہ انہیں مِس کررہی ہیں۔

دوسری جانب ویرات کوہلی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی تصویر بلیک اینڈ وائٹ ہے، تصویر میں انوشکا شرما ویرات کی طرف دیکھ کرخوب ہنس رہی ہیں جبکہ وہ بھی ان کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی 11 دسمبر2017 کو اٹلی کے شہر میلان میں ہندو اور پنجابی رسم و رواج کے مطابق ہوئی تھی، شادی میں صرف قریبی رشتے داروں کو مدعو کیا گیا تھا۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد جلد متوقع ہے، کوہلی اور انوشکا نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ’ویرات اور انوشکا کے ہاں 2021 ءمیں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔‘