جنوبی افریقہ نے سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، فاف ڈوپلیسی کے مداح پھر بھی افسردہ مگر کیوں؟


سنچورین  جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 621 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جبکہ ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنانے والے فاف ڈوپلیسی ایک سکور سے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے ٹیم نے 317 رنز 4 وکٹ سے تیسرے دن کھیل کا آغاز کیا تو ڈوپلیسی اور ٹیمباباووما نے فٹنس مسائل سے دوچار آئی لینڈرز کو فرسٹریشن کا شکار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران باووما 71 رنز بناکر شناکا کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔

ویان مولڈیر نے کچھ دیر ڈوپلیسی کا ساتھ دیا مگر 36 رنز بنانے کے بعد ڈی سلوا کی گیند پر وہ بھی وکٹ کیپر نیروشن ڈیکویلا کا کیچ بن گئے۔ ان کے بعد میدان میں آنے والے کیشو مہاراج کیساتھ مل کر فاف ڈوپلیسی نے ساتویں وکٹ کیلئے 133 رنز جوڑے تاہم خود 199 کے انفرادی سکور پر ڈی سلوا کو چوکا جڑ کر کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کرنے کی کوشش میں کرونارتنے کا کیچ بن گئے۔

کیشو مہاراج بھی کیریئر بیسٹ 73 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، وانندو ہاسارنگا4اور فرنینڈو3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، جواب میں سری لنکا نے دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں 65 رنز پر 2 وکٹیں گنوادیں،خسارہ ختم کرنے کیلئے اسے مزید 160 رنز کی ضرورت ہے۔