حمزہ شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیدیا


لاہور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق حمزہ شہباز نے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پارٹی کا فیصلہ ہوگا اس پر عمل کروں گا۔ پی ڈی ایم استعفوں پر جو بھی فیصلہ کرے گی، اس کی پابندی کریں گے۔حکمرانوں کی ہزار کوششوں کے باوجود پارٹی میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔

حمزہ شہباز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان والوں کا جلد یوم حساب آنے والا ہے۔اڑھائی سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔ معیشت تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں بند حمزہ شہباز پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے پنجاب اسمبلی پہنچے تھے۔