حکومت کی بچت اسکیم،وزیراعظم ہاؤس اور آفس کے اخراجات میں لاکھوں کی بچت


تحریک انصاف حکومت کی بچت اسکیم کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے، وزیراعظم ہاؤس و آفس کے اخراجات میں ریکارڈ کمی واقع ہوگئی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومتی اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں آپریٹنگ اخراجات کیلئے218 ملین روپے مختص کیے گئے تھے جس میں سے صرف46 ملین روپے ہی خرچ کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسی طرح بجٹ میں مختص سفر اور آمدو رفت کیلئے رقم میں سے بھی10 ملین روپے بچائے گئے جبکہ تفریح و تحائف کیلئے مختص ڈیڑھ ملین کے بجٹ میں سے حکومت نے صرف اور صرف ایک ہزار روپے خرچ کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کیلئے مختص کیے گئے بجٹ میں بھی واضح بچت کی گئی ہے، 20 ملین کے بجٹ میں سے وزیراعظم عمران خان نے صرف اورصرف1اعشاریہ 2 ملین روپے کے اخراجات کیے ہیں۔