دنیا کی بلند ترین عمارت سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئی


یوم پاکستان پر یو اے ای میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئی

81ویں یوم پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے معروف اور بلند ترین ٹاور برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔ یو اے ای کی حکومت نے اس موقع پر پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کیلئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے دبئی کے برج خلیفہ کو مخصوص ایل ای ڈی لائٹس کی مدد سے پاکستانی پرچم کی شکل دی۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قونصل جنرل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دنیا کی بلند ترین عمارت پر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم جگمگا رہی ہے۔ 23 مارچ کو ملک بھر کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں ، قونصل خانوں اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا۔

یاد رہے کہ 23 مارچ 1940 کو یوم پاکستان آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا تھا۔ یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔