رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے عظیم نعمت ہے: رانا محمد عظیم سیکرٹری جنرل پاک میڈیا فورم


ریاض سعودی عرب میں پاک میڈیا فورم کے جنرل سیکرٹری رانا محمد عظیم کی جانب سے دعوت افطار کی محفل سجائی گئی جس میں دیگر صحافیوں سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی.

اس موقع پر شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی رحمتوں بھری ساعتیں جاری ہیں اور پہلا عشرہ اللہ کی رحمت لیے مسلمانوں پر مہربان ہے ، رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے ایک ایسی عظیم نعمت ہے کہ جس میں ہم تقوی اور پرہیز گاری کو اختیار کرکے نا صرف اللہ کی خوشنودی کو حاصل کرتے ہیں بلکہ اپنے گناہوں کی بخشش بھی کرواتے ہیں اور اللہ رحم کرنے والا ہے جو ہماری تمام کوتاہیوں اور گناہوں کو درگزر کرکے ہمیں اپنی پناہ میں رکھے ہوئے ہے.

اس موقع پر دعوت افطار کے میزبان رانا محمد عظیم نے احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ نے ہماری زندگیوں میں ایک مرتبہ پھر سے رمضان کریم جیسا مہینہ ہمیں اسکے قریب ہونے کے لئے دیا ہے ہم جو عبادات کا سلسلہ ماہ رمضان میں جاری رکھتے ہیں ، اس کو پورا سال اسی لگن اور محبت سے جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں ، اسکے علاوہ پاک میڈیا فورم جس طرح گزشتہ کئی سالوں سے اپنی صحافتی ذمے داری نبھا رہا ہے آگے بھی اسی طرح اپنی ذمے داری کو ادا کرتا رہے گا۔