سانحہ سیالکوٹ: فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کا جسد خاکی کچھ دیر میں سری لنکا روانہ کیا جائے گا


اسلام آباد : سانحہ سیالکوٹ کے مقتول فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی میت کچھ دیر میں سری لنکا روانہ کی جائے گی ، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش آگے بڑھ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کے مقتول فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کا جسد خاكى مکمل اعزاز اور احترام کے ساتھ سرى لنكا روانہ کیا جائے گا۔

سری لنکن شہری کی میت لاہورایئرپورٹ پہنچائی گئی ، اس موقع پر ایئرپورٹ پر وزارت داخلہ،سری لنکن ہائی کمیشن کے نمائندے ، طاہر اشرفی ، اعجاز عالم اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی لاش کی امیگریشن مکمل کی گئی ، جس کے بعد میت کو طیارے منتقل کی گئی ، پریانتھا کمارا کا جسد خاکی سری لنکن ایئرلائن کی پرواز سے دوپہرساڑھے 12 بجے کولمبو روانہ کیا جائے گا۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کی تفتیش آگے بڑھ رہی ہے، جیسے جیسے چیزیں سامنے آئیں گی اس کو سامنے لائیں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تفتیش سائنسی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب تحقیقات کے سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب نے سیکرٹری پراسکیوشن کو کیس کی مکمل پیروی کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز سری لنکن منیجرکی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی تھی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پریانتھا کی موت کھوپڑی اور جبڑا ٹوٹنے سے ہوئی۔ رپورٹ میں بھیجا باہر آنے کی تصدیق ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پریانتھا کے جسم کے تمام حصوں پر تشدد کے نشانات ہیں۔ تشدد سے پریانتھا کے ایک پاؤں کےعلاوہ جسم کی تمام ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ جسم ننانوے فیصد حصہ مکمل طور پر جل چکا ہے جبکہ تشدد سے پریانتھا کا دل اور پھیپھڑے بھی متاثرہوئے۔

واضح رہے سیالکوٹ میں واقع وزیرآباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں گزشتہ 9 برس سے مینیجر کے عہدے پر کام کرنے والے سری لنکن شہری کو مشتعل ملازمین کے ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو آگ لگا دی تھی۔