سعودی عرب اور قطر کے درمیان فضائی، زمینی سرحد بحال


مشرق وسطیٰ کے 2 اہم ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے پر سعودی عرب نے قطر کے ليے فضائی، برّی اور بحری رابطے بحال کرنے کا اعلان کر ديا۔

گلف نیوز کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح نے سرکاری ٹیلی ویژن سے نشر کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ پير کی شب سے سعودی عرب قطر کے ساتھ واقع اپنی برّی اور بحری سرحدیں دوبارہ کھول رہا ہے۔

سعودی عرب نے يہ فيصلہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے 41ویں سربراہ اجلاس سے قبل کیا ہے۔

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کونسل کے تمام رکن ممالک کے سربراہوں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جی سی سی میں سعودی عرب کے علاوہ قطر، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور عُمان شامل ہیں۔

قطر اور 4 عرب ریاستوں کے مابین کویت ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے جنہوں نے 2017 کے وسط میں بائیکاٹ کا آغاز کیا تھا۔

سعودی عرب نے 2017 میں متحدہ عرب امارات بحرین اور مصر کے ساتھ مل کر قطر کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کرنے کے ساتھ اس کی بحری، زمینی اور ہوائی ناکہ بندی کردی تھی۔