سندھ کےاسکولز،کالجزمیں موسم سرماکی چھٹیاں نہ دینے کافیصلہ

0
24

محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حتمی منظوری 23 نومبر کو ہونے والے این سی او سی اجلاس میں دی جائے گی۔

وزیر تعلیم سندھ سید غنی کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج 21 نومبر کو کراچی میں ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری اسکولز، سیکریٹری کالجز، تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور نجی اسکولوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں این سی او سی کی تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے شرکا نے صوبے بھر میں موسم سرما کی تعطیلات نہ دینے کی تجویز پر اتفاق کیا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسکول اور کالجز بند نہیں ہونے چاہیئں۔ اسکول اور کالجز میں ایس او پیز کو مزید سخت کیا جائے گا، تاہم جو اسکول آن لائن تعلیم دینا چاہیں، وہ دے سکتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ 23 نومبر سے 2 دن پہلے اور بعد میں بھی ہوسکتا ہے۔ صوبہ بھر میں کرونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ کرونا کو پھیلنے سے روکا جائے۔

قبل ازیں وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات یکم دسمبر سے ہوں گی اور نیا تعلیمی سال 3 ماہ کی تعطیلات کے بعد مارچ میں شروع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ این سی او سی کا اہم اجلاس پیر 23 نومبر کو ہوگا، جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے فیصلوں سے این سی او سی کو آگاہ کیا جائے گا۔

این سی او سی کی جانب سے 20 نومبر تک موصول اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران868 مریض صحت یاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر3لاکھ27 ہزار542 شفا یاب ہوچکے ہیں۔