سوشل میڈیا پر یہ کام کرنیوالوں کیخلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل، گرفتاریوں کا فیصلہ


راولپنڈی  سوشل میڈیا پر جعلی آئی ڈیز بنا کر شہریوں سے پیسے بٹورنے والوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)کا سائبر کرائم ونگ جعلی آئی ڈیز کے پیچھے چھپے نیٹ ورک کو گرفتار کرے گا۔

ایکسپریس کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہریوں کی جعلی آئی ڈیز بنا کر ان کے قریبی افراد سے پیسے بٹورنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، سال 2021 کے پہلے سات ہفتوں میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو تین ہزار سے زائد تحریری شکایات موصول ہوچکی ہیں جس میں سوشل میڈیا فراڈ کے ذریعے شہریوں سے پیسے بٹورے جارہے ہیں۔

راولپنڈی کے رہائشی اسد احمد نے بتایا کہ کسی نامعلوم ملزم نے فیس بک پر اس کے نام سے جعلی آئی ڈی بنا رکھی ہے جبکہ اس کی اصل آئی ڈی سے فوٹو چوری کرکے جعلی آئی ڈی پر لگائی گئی، جعلی آئی ڈی کے پیچھے چھپے افراد اس کے قریبی دوستوں کو پہلے فرینڈ ریکوئسٹ بھیجتے ہیں اور بعد میں کسی بھی مشکل کا ذکر کرنے کے بعد فوری پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھاکہ سائبر کرائم ونگ ایسی تمام جعلی آئی ڈیز کا ڈیٹا مکمل کرچکا ہے، آئی ٹی ایکسپرٹس کی بھی مدد لی جائے گی جبکہ مختلف جدید وسائل استعمال کرکے اس جرم کے پیچھے موجود افراد کی لوکیشن حاصل کی جائے گی تاکہ متعلقہ علاقوں میں چھاپے مار کر جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جاسکے، اس حوالے سے فیس بک اور سماجی رابطوں کی دوسری ویب سائٹس کو سرکاری سطح پر تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ مین سرور سے بھی معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکے۔