شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کے نائب کپتان مقرر


لاہور  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلئے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی کپتانی سہیل اختر کررہے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ان کے نائب ہوں گے۔ لاہور قلندرز کے ثمین رانا کا کہنا ہے کہ قلندرز نے ہمیشہ نوجوان کرکٹرز کو ڈویلپ کیا ہے، شاہین شاہ آفریدی کو نائب کپتان بنانے کا فیصلہ قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ سوچ کا عکاس ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو رہا ہے جبکہ کوویڈ 19 کی صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کوششوں سے نیشنل کمانڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے 20 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیمز میں آنے کی اجازت دی ہے۔