شرجیل خان کو قومی سکواڈ میں کیوں شامل کیا گیا اور شعیب ملک کو کیا پیغام دیا گیا ہے؟ چیف سلیکٹر نے کھل کر بتا دیا


لاہور  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ شرجیل خان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی اور فٹنس میں بہتری کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کا موقع دیا گیا ہے جبکہ شعیب ملک کو بتا دیا ہے کہ انہیں قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کیا کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وسیم خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ایک پاور ہٹر کی ضرورت تھی اور شرجیل خان کے آنے سے قومی ٹیم کا کمبی نیشن بہتر بنانے میں مدد ملے گی، انہیں ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی اور فٹنس میں بہتری کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد وسیم نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے بعد ہم ورلڈ ٹی 20 کیلئے سکواڈ کوحتمی شکل دینے کی پوزیشن میں ہوں گے جبکہ شعیب ملک کو بتایا ہے کہ ان کو ٹیم میں واپسی کیلئے کیا کرنا ہے اور وہاب ریاض کی کارکردگی کا معیار ابھی پہلے جیسا نہیں ہے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ شاہ نواز دھانی کو ٹیسٹ میں فاسٹ باﺅلنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جو کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہوئے ہیں وہ ہمارے پلان کا حصہ ہیں، پرفارم کرکے ہر کھلاڑی ٹیم میں جگہ بناسکتا ہے، محمد عامر نے خود ریٹائرمنٹ لی ہے لیکن دوسرے تمام کھلاڑیوں کیلئے دروازے کھلے ہیں البتہ سب کھلاڑی جان لیں کہ پرفارمنس اور فٹنس ہی قومی ٹیم میں شمولیت کا واحد راستہ ہے۔