شعیب ملک کی نعت پڑھنے کی ویڈیو وائرل


کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی نعت رسول مقبول ﷺ پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’شانِ رمضان‘ میں شرکت کی اور نعت ’زہے مقدر حضور حق سے سلام آیا پیام آیا‘ پڑھی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

شعیب ملک کی نعت پڑھنے کی ویڈیو پروگرام کے میزبان وسیم بادامی کی جانب سے شیئر کی گئی۔

نعت پڑھنے سے قبل شعیب ملک نے کہا کہ اگر کوئی غلطی ہوجائے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک بارگاہ رسالت میں نعت ’زہے مقدر حضور حق سے سلام آیا پیام آیا‘ پیش کررہے ہیں۔


واضح رہے کہ شعیب ملک ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے گیم شو ’جیتو پاکستان لیگ‘ میں ملتان ٹائیگر کے کپتان ہیں۔

شعیب ملک نے اس سے قبل انسٹاگرام پرلاک ڈاؤن کے دوران مشہور شخصیات کے ساتھ شو کی میزبانی کی تھی، ان کے شو میں عاطف اسلم، علی ظفر، ماہرہ خان اور بابر اعظم ودیگر نے شرکت کی تھی۔