شیر یا کوئی اور جانور جلسے میں نہ لائیں، مریم اورنگزیب کی اپیل


شیر یا کوئی اور جانور جلسے میں نہ لائیں، ترجمان مسلم لیگ (ن) کی کارکنوں سے اپیل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے لاہور جلسے کے لیے خصوصی طور پر کہا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت ہے کہ کارکن شیر یا کوئی بھی زندہ جانور نہ لے کر آئیں کیونکہ یہ عمل غیر قانونی ہے جس سے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بات گزشتہ روز کی مسلم لیگ ن کی ریلی پر ہونے والی کارروائی کے بعد کہی،

یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے لاہور میں مریم نوازکی ریلی میں زندہ شیر لانے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا اور شیر کو تحویل میں لے کر چڑیا گھر منتقل کردیا گیا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم امداد نے لکشمی چوک میں اپنی گاڑی پر شیر کی نمائش کی جو کہ قانونی طور پر جرم ہے اور اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وائلڈ لائف کی کارروائی کے نتیجے میں ملزموں کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم امداد سمیت 5 افراد پر80 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔