عمران خان اور کپل دیو کو دیا جانے والا یادگاری میڈل شہری نے پی سی بی کے حوالے کردیا لیکن دراصل اسے کہاں سے ملا؟

لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان عمران کو دیے جانے والا یادگاری میڈل شکیل احمد میو نامی شہری نے پی سی بی کے حوالے کردیا۔قذافی سٹیڈیم لاہورمیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے شہری شکیل احمد میو کا شکریہ ادا کیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ساؤتھ ایشیاءمیں کرکٹ کے گولڈن جوبلی ایئرزمکمل ہونے پر بھارتی کپتان کپل دیو اور پاکستانی کپتان عمران خان کو میڈل دیا گیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کا یادگاری میڈل شکیل احمد میو نامی شہری کو بہت خراب حالت میں ملا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے عمران خان کا یادگاری میڈیل پی سی بی گیلری میں آویزاں کردیا۔

کرکٹ بورڈ سربراہ احسان مانی کا کہنا ہے کہ شکیل احمد میو نے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا ہے، شکیل احمد میوکا کہنا ہے کہ وہ پندرہ سال سے یادگاری سکے، نوٹ اور ٹکٹس جمع کررہے ہیں۔ آٹھ دس پہلے انہیں یہ میڈل کہیں سے ملا تھا۔ اس وقت یہ بہت خراب حالت میں اس کی صفائی کرنے کے بعد کندہ نام سامنے آئے تو اس کی بیک گراﺅنڈ جاننے کی کوشش کی جس کے تحت ایک بھارتی کلب کی جانب سے انیس سوستاسی میں یہ میڈل دونوں ملکوں کی ٹیم کے کپتانوں کو اعزازی طور پر دئیے گئے تھے۔

اس کی اہمیت کے پیش نظر اس کو پی سی بی تک پہنچانے کا ارادہ کرلیا تھا۔اب ایک دوست کی وساطت سے پی سی بی حکام سے ملاقات ممکن ہوئی۔ خوشی ہے کہ یہ میڈل بورڈ کے میوزیم کی زینت بنے گا۔