عمران خان ہی ہر مشکل ٹاسک کو پورا کرسکتے ہیں: فرحان سعید


پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہی ہر مشکل ٹاسک کو پورا کرسکتے ہیں۔

اعتماد ووٹ میں وزیراعظم عمران خان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرحان سعید نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی تصویر شیئر کی۔

فرحان سعید نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ پہلی بار نہیں تھا اور نہ ہی یہ آخری ہوگا۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’یہ سفر اور ٹاسک دونوں ہی بہت مشکل ہیں لیکن صرف عمران خان ہی ہے جو ان تمام تر مشکل ٹاسک کو پُراعتماد طریقے سے پورا کرسکتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان کی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے جو کام کرنا ہے، ہم وہ عمران خان کے ساتھ کریں گے کیونکہ ہم سب نے عمران خان کا خواب دیکھا تھا۔‘

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، جس کا اعلان اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان پر 178 ارکان نے اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔