” عمران خان یہ کام کرلیں اُن کے پچھلے یوٹرن جائز ہو جائیں گے ” مصطفی کمال کا وزیراعظم سے حیران کن مطالبہ


کراچی سربراہ پاک سرزمین پارٹی اور سابق ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے وزیر اعظم سےمطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان مردم شماری پر یو ٹرن لیں ،اس سےاُن کی جانب سے لئے گئے پچھلےتمام یوٹرن جائز ہوجائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں میڈیا سےگفتگو کرتےہوئےسیدمصطفی کمال کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملے پر احتجاج کریں گے اور خاموش نہیں بیٹھیں گے،اگر شہری علاقوں کی گنتی صحیح ہوجائیگی تو یہاں کی سیٹیں زیادہ ہوجائیں گی،پھر ان جاگیرداروں کو شہری علاقوں سے ووٹ لینا ہونگےجو وہ زبردستی نہیں لے سکتے،وزیر اعظم عمران خان نےویسےبھی بہت یوٹرن لیے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ مردم شماری کے فیصلےپربھی یوٹرن لیں،ماضی میں لئےگئے ان کے تمام یوٹرن بھی جائز ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو 10 سال میں آٹھ ہزار تین سو بیالیس ارب روپے ملےاور خرچ بھی ہوگئےمگرکراچی کی حالت نہیں بدلی،کراچی رہنے کے لئے بدترین جگہ ہے،بڑی تعداد میں لوگ دیہاتوں سے شہروں میں آگئے۔ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ کسی پارٹی کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔