عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے ،مراد سعید


سوات وفاقی وزیر مراد سعید کاکہناہے کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے ،اپوزیشن کی تحریک عوام نے مسترد کردی ہے، آج پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سوات کا دورہ کیا،وفاقی وزیرمراد سعید اور صوبائی وزیر امجدخان نے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا،وفاقی وزیر نے ڈھیروخیم درہ میں ٹیوب ویل کا افتتاح کیا،کبل میں باسکٹ بال والی بال اور دیگرکھیلوں کے گراﺅنڈز کاافتتاح کیا اس کے علاوہ مہوڈنڈاورکوٹلئی میں سڑکوں اوردیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجوہ حکومت کا ترقیاتی سفر جاری ہے ،حکومت عوام کی فلاح پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ماضی کے برعکس عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت عوام کے ریلیف کیلئے ٹھوس حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،اپوزیشن کے پاس لوگوں کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ،اپوزیشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی پروگرام نہیں ،ہم نے جو وعدے کئے اس سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ۔