فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیوں کیا؟ سہیل تنویر نے بتا دیا


لاہور  پاکستانی آل راؤنڈر اور ٹی 20 سپیشلسٹ سہیل تنویر نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے دلبرداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر کی ریٹائرمنٹ پر آل راؤنڈر سہیل تنویر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ باؤلر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ دل برداشتہ ہو کر کیا، میرے ساتھ بھی ایسا سلوک ہوا لیکن ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا۔ سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ دلبرداشتہ ہونے کی بجائے اس کا سامنا کرنا چاہیے، محمد عامر کو کرکٹ سے علیحدگی نہیں اختیار کرنی چاہیے تھی۔

واضح رہے کہ محمد عامر نے ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ’ذہنی اذیت‘ دئیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، اتنا ذہنی دباؤبرداشت نہیں کرسکتا ، موجودہ ٹیم مینجمنٹ مجھے کھیلانا نہیں چاہتی، فی الحال اس مینجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں۔

دوسری جانب پی سی بی نے عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو ذاتی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔