فٹنس بحالی کیلئے کوشاں شاداب خان کی حالت اب کیسی ہے اور کیا وہ پہلا ٹی 20 میچ کھیل سکیں گے؟ نیوزی لینڈ سے اہم خبر آ گئی


لاہور  فٹنس بحالی کیلئے کوشاں پاکستان ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے بیٹنگ کیساتھ باﺅلنگ بھی شروع کر دی ہے جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ کی پریشانی بھی کم ہو گئی ہے جبکہ جمعہ کے روز شیڈول پہلے ٹی 20 میچ میں ان کی شرکت کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کے زخمی ہونے کے بعد ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت نائب کپتان شاداب خان کو سنبھالنا ہے لیکن ٹانگ میں کھچاﺅ محسوس کرنے پر اتوار کو انہوں نے باﺅلنگ سے گریز کیا تھا، آل راﺅنڈر نے گزشتہ روز بیٹنگ کے ساتھ باﺅلنگ پریکٹس بھی کی جس سے ٹیم مینجمنٹ کی پریشانی کم ہو گئی ہے۔

ٹیم ڈاکٹر شاداب کی انجری کا جائزہ لیتے رہے اور توقع یہی ہے کہ وہ جمعے کو نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں حصہ لیں گے، گزشتہ روز قومی ٹی 20 سکواڈ نے کوئنز ٹاﺅن کے ایونٹ سینٹر میں تیسرا اور آخری ٹارگٹ میچ کھیلا، ہیڈ کوچ مصباح الحق نے صرف سپیشلسٹ بیٹسمینوں کو کریز پر آنے کا موقع دیتے ہوئے باﺅلرز کو اہداف ناممکن بنانے کا ٹاسک دیا۔

اس دوران مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد بھرپور فارم میں نظر آئے جنہوں نے صرف 48 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں تمام باﺅلرز کے صبر کا امتحان لیا، عبداللہ شفیق نے 38 اور حسین طلعت نے 24 رنز بنائے، فہیم اشرف نے 2 جبکہ وہاب ریاض اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، زمبابوے سے ہوم سیریز کے 3 میچز میں افتخار احمد نے 23کی اوسط سے 46رنز بنائے تھے،البتہ اس دوران ایک اننگز میں 5 وکٹیں لی تھیں۔