قومی باکسر محمد وسیم کا لاہور قلندرز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ


لاہور  قومی باکسر محمد وسیم پاکستان سپر لیگ  فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور فرنچائز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر  عاطف رانا سے ملاقات کے دوران پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام اور نوجوان کرکٹرز کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کی تعریف کی۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران سی ای او عاطف رانا نے محمد وسیم کو لاہور میں پروفیشنل فائٹ جیتنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسنگ میں تیزی سے نام بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد وسیم کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات ہیں، ہم قومی باکسر کے ساتھ مل کر باکسنگ کیلئے لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم پر کام کریں گے۔

قومی باکسر کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، لاہور قلندرز کھیل کی بہتری کیلئے بہت کام کر رہی ہے، پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، جسے پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے، محمد وسیم نے یہ بھی کہا کہ خوشی ہوگی کہ لاہور قلندرز باکسرز کیلئے بھی آگے آئے۔