قومی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف دورہ جنوبی افریقہ سے دستبردار ہو گئیں مگر کیوں؟


لاہور  پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف خاندانی وجوہات کی بنیاد پر دورہ جنوبی افریقہ سے دستبردار ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقہ اگلے ماہ شیڈول ہے جس دوران تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 پر مشتمل ہے۔ بسمہ معروف 20 دسمبر سے کراچی میں جاری کیمپ کا حصہ تھیں تاہم وہ کراچی سے فیملی کو جوائن کرنے کے لئے لاہور کیلئے روانہ ہو چکی ہیں۔

ہیڈ آف ویمنز ونگ اور چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ بسمہ معروف نے درخواست کی تھی کہ وہ اگلے ماہ دورہ جنوبی افریقہ کیلئے خاندانی وجوہات کی بنیاد پر دستیاب نہیں ہیں، ہم نے بسمہ معروف کی درخواست کو تسلیم کیا وہ خود بھی سیریز چھوڑنے پر مایوس تھیں مگر فیملی ترجیحات کو ہمیشہ فوقیت حاصل ہوتی ہے۔

عروج ممتاز کاکہنا ہے کہ جب ہم جمعرات کو 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کریں گے تو اس کے ساتھ ہی دورہ جنوبی افریقہ کیلئے عارضی کپتان کا اعلان بھی کیا جائے گا۔