قومی کرکٹر یاسر شاہ نے منفرد تحفہ دے کر کیوی تماشائی کا دل جیت لیا


یاسر شاہ نے کیوی تماشائی کا دل جیت لیا، اپنی ٹیسٹ کیپ تحفے میں دے دی۔

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے اس وقت اپنے غیر ملکی تماشائی کا دل جیت لیا جب انہوں نے میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کے دوران باؤنڈری کے پاس جاکر اپنی ٹیسٹ کیپ تماشائی کی جانب پھینک دی۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ کی جانب سے پھینکی گئی ٹیسٹ کیپ کو کیچ کرنے والا تماشائی نوجوان حیران رہ گیا اور خوشی سے نہال ہو کر ستارے والی کیپ پہن کر تصاویر بنوانے لگا جبکہ وہاں پر موجود دیگر تماشائی بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے اور کیپ کیچ کرنے والے تماشائی کی طرف خوشگوار انداز میں دیکھنے لگے۔

ٹیسٹ میچ کے دوران خوشگوار لمحات کو کیمرہ مین نے اپنے کیمرے میں محفوظ کر لیا، جبکہ کمنٹیٹر بھی دلچسپ تبصرہ کیے بغیر نہ رہ سکا اور کہا کہ کھلاڑی اپنے مداحوں کو شرٹ وغیرہ تو تحفے میں پیش کرتے رہتے ہیں لیکن آج تک کسی کھلاڑی نے اپنی ٹیسٹ کیپ کسی تماشائی کو تحفہ میں نہیں دی۔

کمنٹیٹر کا خوشگوار لمحے پر مزید کہنا تھا کہ وہ یہ پہلی دفعہ دیکھ رہے ہیں کہ کسی کھلاڑی نے اپنی ٹیسٹ کیپ کسی تماشائی کو تحفے میں پیش کی ہے اور یاسر شاہ کی جانب سے تماشائی کو دی گئی ٹیسٹ کیپ زندگی بھر یاسر شاہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی یاد دلاتی رہے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 1-2 سے ہارنے کے بعد ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ پنجہ آزمائی کر رہی ہے۔