قوم کی حمایت سے ملک کو درپیش ہر چیلنج ہر خطرے کا مقابلہ کرینگے:ترجمان پاک فوج


ستائیس فروری دوہزار انیس وہ دن جب پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے والے بھارت کو ملک کے محافظ نے منہ توڑ جواب دیا,اس دن کی مناسبت سے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کریں گے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے ٹوئٹ میں کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی مسلح افواج کے تجدید عہد کا دن ہے کہ قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف ہمیشہ ملک کا دفاع کریں گے، یہ ایک قوم کی عددی برتری نہیں بلکہ عزم و حوصلہ تھا کیونکہ پرعزم قوم کا ہمت اور حوصلہ ہی فتح دیتا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک اور امن کےلیے کھڑا ہے لیکن وقت آنے پر ہر چیلنج کا جواب بھرپور طاقت سے دیا جائے گا۔

اس دن کی کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ذمہ دار قوم ہونے کے ناطے ہم نے پورے عزم کے ساتھ بروقت دشمن کو جواب دیا اور پاکستان نے پوری دنیا کو اپنے ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیج کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ہم ہمیشہ امن کے لیے کھڑے ہیں اور ہم مذاکرات کے ذریعے تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کا خیر مقدم کرتاہوں۔

14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر خودکش حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوئے تھے، بھارت نے ہر بار کی طرح اس بار بھی الزام پاکستان پر ڈال دیا جس کی پاکستان نے تردید کردی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نےبھارت کو قابلِ عمل معلومات فراہم کرنے کی صورت میں تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی اور ساتھ ہی خبردار بھی کیا تھا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔

اس کےبعد چھبیس فروری کو بھارت نے دعویٰ کیا کہ اس کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں گھس کر بالا کوٹ میں دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ تباہ کرکے سیکڑوں دہشتگردوں کو مار دیا, جب کہ حقیقت یہ تھی رات کی تاریکی میں بھارتی طیاروں نے ایک خالی جگہ پر اپنے بم پھینکے اور فرار ہوگئے ۔

27 فروری کو پاک فضائیہ کے دو جے ایف 17 تھنڈر طیارے بھارتی حدود میں داخل ہوئے۔ بھارتی ایف 16 طیاروں نے پاکستانی طیاروں کے تعاقب میں ایل او سی پار کی اور پاکستانی شاہینوں نے 2 بھارتی طیاروں کو فضا میں ہی مار گرایا۔

پاک فوج کے بیان میں کہا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ۔ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا اور پاک فوج نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا۔

گرفتار بھارتی پائلٹ کی شناخت ونگ کمانڈر ابھی نندن سے ہوئی۔ جسے پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارت کے حوالے کردیا تھا۔

ابھی نندن کے ساتھ پاکستان کے بہترین رویئے پر دنیا معترف ہوئی,پاک فضائیہ کے سرپرائز کے بعد پاک فوج نے تباہ ہونے والے بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو پکڑا اور عوامی تشدد سے بچا کر اسے نہ صرف طبی امداد دی بلکہ گرما گرم چائے بھی پلائی۔

چائے کے بارے میں بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ ’ٹی از فینٹاسٹک‘ اور بعد میں یہ جملہ عوام میں بھی بے حد مقبول ہوا سوشل میڈیا پر ٹرینڈز چلے اور پاکستانی صارفین نے بھارتی صارفین کی خوب کلاس لی۔