لائٹس، کیمرہ، ایکشن، ’ان الفاظ کو سننے کی خوشی کا کوئی متبادل نہیں‘

’لائٹس، کیمرہ، ایکشن‘۔ یہ ہیں وہ تین لفظ جو بالی وڈ کے ایکشن اور کامیڈی سٹار اکشے کمار کافی عرصہ سے مِس کر رہے تھے اور جیسے یہ انہیں سننے کو ملے وہ اس قدر سرشار ہوئے کہ اپنے مداحوں کو اس خوشی میں شامل کر لیا۔
کورونا کی وجہ سے جہاں زندگی کے دیگر معاملات متاثر ہوئے وہیں فلموں کی شوٹنگز بھی متاثر ہوئیں، طویل عرصے تک اداکار گھروں تک محدود رہے۔
اکشے کمار نے ٹوئٹر پر نئی فلم ’اترنگی رے‘ کی شوٹنگ شروع ہونے کی خبر سناتے ہوئے لکھا کہ ’اس خوشی کا کوئی مقابلہ نہیں جو یہ تین الفاظ لے کر آتے ہیں، لائٹس، کیمرہ، ایکشن۔‘
انہوں نے فلم کے ڈائریکٹر آنند رائے کو ٹیگ کر کے مداحوں کے لیے لکھا کہ ’اب صرف آپ کی محبت اور نیک تمناؤں کی ضرورت ہے۔‘ اکشے کمار نے اپنی ٹویٹ میں ساتھی اداکارہ سارہ علی خان کو بھی ٹیگ کیا۔
دوسری طرف سارہ علی خان نے بھی فلم کے نام کا ہیش ٰٹیگ استعمال کرتے ہوئے اکشے کمار کو اپنی ٹویٹ میں شامل کیا اور لکھا کہ وہ ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ اور یہ کہ اس طرح ’اترنگی رے‘ مزید رنگین ہو گئی ہے۔

دونوں اداکاروں کی ٹویٹس پر سینکڑوں مداحوں نے ان کی نئی فلم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ سوزانا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’مبارک ہو، آپ کے ڈھیر ساری دعائیں۔ گڈ لک۔‘
اجو راؤ نے اکشے کمار کی ٹویٹ پر لکھا کہ ’یہ ایک اور سپرہٹ فلم ثابت ہوگئی اور ہم اس کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
عامر کنگ نامی ٹوئٹر ہینڈل نے موسیقار اے آر رحمان کو ٹیگ کر کے لکھا کہ فلم کی موسیقی کے خالق کے لیے نیک تمنائیں۔