لاڑکانہ میں تحریک انصاف اور جے یوآئی (ف) کا پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد


لاڑکانہ میں جمیعت علمااسلام نے پی پی کے خلاف تحریک انصاف و دیگر جماعتوں سے اتحاد بنا لیا

جے یو آئی نے لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی مخالف اتحاد بنا لیا ہے، اس حوالے سے جے یو آئی نے پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جن میں ضلع میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جے یو آئی نے لاڑکانہ میں پی پی کےخلاف بنائے جانے والے عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے علاوہ قوم پرست تنظیموں کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جے یو آئی لاڑکانہ کی قیادت عوامی اتحاد میں شامل جماعتوں کے ساتھ مل کر جلد پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف مہم شروع کرے گی۔

لاڑکانہ عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما اللہ بخش انڑ اور رہنما امیربخش بھٹو جبکہ جی ڈی اے کے رہنما صفدر عباسی اور معظم عباسی شامل ہیں۔

خبر رساں اداروں کا دعویٰ ہے کہ اس حوالے سے لاڑکانہ عوامی اتحاد کا اجلاس بھی ہوا جس میں پیپلزپارٹی مخالف اتحاد کا دائرہ کار ڈویژن کی سطح پر پھیلانے پر اتفاق کیا گیا۔