لاہوریوں کے لئے بڑی خوشخبری ، پنجاب حکومت کا سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ


لاہور حکومت پنجاب کا لاہور میں ایک ہزار بستر پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ نیا ہسپتال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ ، منصوبے کا پی سی ون تیار کرنے کیلئےپرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فرید ظفر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس کے مطابق حکومت پنجاب نے لاہور میں ایک ہزار بستر پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ نیا ہسپتال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا اور اس منصوبے کا پی سی ون تیار کرنے کیلئے پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا جو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسروں کے ساتھ ہر قسم کا تکنیکی تعاون اور ماہرانہ رہنمائی کریں گے۔

مذکورہ ہسپتال میں 600بیڈزعام مریضوں کیلئے ہونگے۔200بستر کاامراض قلب کا انسٹی ٹیوٹ اور 200بستر پر مشتمل خون کی بیماریوں کے علاج کا انسٹی ٹیوٹ بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔ ہسپتال کے انفراسٹرکچر کی تیاری، متعلقہ شعبوں کیلئے طبی آلات و مشینری کی پروکیورمنٹ کے سلسلے میں فوکل پرسن،آئی ڈیپ کے ماہرین کو اپنی تجاویز اور سفارشات فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہایہ ادارہ صوبے کی تاریخ میں صحت کے شعبے میں انقلابی قدم ثابت ہوگا جہاں کینسر اور پیچیدہ بیماریوں کے علاج معالجے کے علاوہ ان پر تحقیق کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔