لاہور :موبائل بینک فراڈ کے ذریعے صارفین کو لوٹنے والا گروہ گرفتار


لاہور میں بینک صارفین کو لوٹنے والا گروہ ایف آئی اے نے پکڑ لیا

لاہور سے ایف آئی اے (وفاقی تحقیقاتی ادارے) کے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف بینکوں کے صارفین کو لوٹنے والا گروہ پکڑ لیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم سیل کے مطابق یہ گروہ او ٹی پی OTP (ون ٹائم پاس ورڈ) کی مدد سے لوگوں کے ساتھ فراڈ میں ملوث تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان 4 سال سے موبائل بینکنگ فراڈ میں ملوث تھے جن کے خلاف ادارے کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق یہ ملزمان لوگوں کو فون کر کے خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے اور ان لوگوں کو ون ٹائم پاس ورڈ واٹس ایپ کرنے کا کہتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 100 سے زائد سمیں، 20 موبائل فون اور 2لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کی تفتیش میں ملزمان نے سیکڑوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف اب مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔